اسلام آباد: پاکستان اور ایران سیکورٹی اور تجارتی شعبے میں باہمی تعاون میں اضافہ کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف مل کر جنگ لڑیں گے ۔پاکستان کے دورے پر آئے ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ دونوں ملک اپنی مشترکہ سرحد پر انتہاپسند اور شدت پسند مسلح گروہوں کے خلاف نہ صرف مل کر لڑیں گے بلکہ اپنی سر حد سے باہمی تجارت کو بھی فروغ دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک علاقائی سلامتی کے لئے باہمی تعاون پر متفق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم سے بات چیت کے دوران توانائی اور گیس کی برآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ ایران پابندیوں سے آزاد ہونے کے بعد اب توانائی اور گیس برآمدکرنے کی پوزیشن میں ہے جس کی پاکستان کو ضرورت ہے ۔