نئی دہلی:وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج کہا کہ یمن میں اغوا شدہ کیرالہ کے پادری کی صحیح سلامت رہائی کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے ۔محترمہ سوراج نے اپنے باقاعدہ ٹوئٹر اکاونٹ پر کہا ”کیرالہ کے رہنے والے فادر ٹام اوژنالل کو یمن میں ایک انتہا پسند تنظیم نے اغوا کرلیا ہے ۔ ہم ان کی صحیح سلامت رہائی کے لئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔ ایسا سمجھا جارہا ہے کہ ہندوستانی پادری دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے قبضے میں ہیں۔یمن کے عدن شہر میں بزرگوں کے ایک آشرم پر چار مارچ کو حملے کے دوران انتہا پسندوں نے فادر اوژنالل کا اغوا کرلیا تھا۔ حملے کے دوران فائرنگ میں مدر ٹریسا کے ادارے میشنریز آف چیریٹی کی پانچ نن سمیت 16 افراد کی موت ہوگئی تھی، جن میں سے ایک نن ہندوستانی تھی۔