واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ انتخابی ماحول میں مسلم مخالف بیان بازی کرنا امریکہ کے لئے شرمندگی کی بات ہے ۔مسٹر کیری نے سی بی ایس ٹیلی ویژن نیوز چینل کو دیئے انٹرویو میں کل کہا کہ مسلم مخالف بیان بازی کرنے سے بیرون ملک کے کئی لیڈران بھی حیرت میں ہیں۔ انہوں نے کہا،”میں کئی جگہ گیا، متعدد لیڈروں سے ملاقاتیں کی اور وہ تمام مجھ سے پوچھتے ہیں کہ امریکہ میں کیا ہو رہا ہے ۔ وہ یقین نہیں کر سکتے ہیں اورمجھے لگتا ہے کہ وہ واضح طور پر کہنا چاہتے ہیں کہ وہ اس سے حیران ہیں”۔ واضح رہے گزشتہ ہفتے بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد کچھ ریپبلکن سیاستدان مسلم تارکین وطن پر پابندی کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ ساتھ ہی، امریکہ میں مسلمانوں کے مکانات اور مساجد پر نگرانی کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ کچھ اس سلسلے میں اطلاعات حاصل کرنے کے لئے دہشت گردی کے الزام میں پکڑے گئے مشتبہ مسلمانوں پر تشدد کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ اس طرح کی بیان بازی کو انتخابی ہتھکنڈہ سمجھا جائے یا یہ سنجیدگی سے لیا جائے کے سوال پر انہوں نے کہا، ”ہمارا استحکام اورہماری معتبریت لوگوں کے دلوں میں ہے اور اس ہم دلبرداشتہ ہوئے ہیں ۔یہ بہت افسوسناک اور شرمناک ہے ”۔ انہوں نے کہا، ”میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس طرح کے سوالات وہ لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں وہ ہمارے ملک کے لئے شرمندگی کی بات ہے ”۔