آسٹریلیا کی ڈومیسٹک کرکٹ شیفلڈ شیلڈ میں وکٹوریا کی ٹیم کے باؤلنگ کوچ مک لوئس پر باؤلنگ ٹیمپرنگ کا الزام ثابت ہونے پر ان پر دو ہزار 266 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
ساؤدرن آسٹریلیا اور وکٹوریا کے درمیان کھیلے گئے شیفلڈ شیلڈ کے فائنل کے تیسرے دن ساؤدرن آسٹریلیا کی دوسری اننگ کے دسویں اوور میں مارک کوسگروو نے چوکا لگا کر گیند کو باؤنڈری کی راہ دکھائی۔
اس موقع پر باؤنڈری کے پاس موجود لوئس نے گیند کر پیر سے مار کر گٹر کے پاس پہنچایا اور پھر انتہائی چالاکی سے وہاں لکڑی کی رکاوٹ سے گیند کو رگڑ دیا۔
جب 12ویں اوور میں ایک اور باؤنڈری کے بعد گیند واپس پہنچی تو امپائرز نے اس کا معائنہ کیا اور فیصلہ کیا کہ گیند کی شکل غیر قانونی طریقے سے تبدیل کی گئی، وکٹوریا پر پینالٹی عائد کرتے ہوئے ساؤدرن آسٹریلیا کو پانچ رنز اضافی دے دیے گئے اور کھیل جاری رکھنے کیلئے متبادل گیند طلب کی گئی۔
میچ کے بعد لوئس نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور میچ ریفری نے معاملے کی سماعت کی ضرورت محسوس کیے بغیر وکٹوریا کے باؤلنگ کوچ پر جرمانہ عائد کر دیا۔