پاکستان کے دلکش اور باصلاحیت اداکار فواد خان بولی وڈ میں بھی ایک کامیاب کیرئیر کا آغاز کرچکے ہیں اور ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کپور اینڈ سنز‘ کو شائقین کی جانب سے بہت داد وصول ہورہی ہے۔
فلم میں فواد کے ہمراہ سدھارتھ ملہورترا، عالیہ بھٹ اور رشی کپور نے اہم کردار ادا کیا تاہم پاکستانی اداکار اس فلم میں سب سے نمایاں نظر آئے۔
مزید پڑھیں: فواد خان کی ایک اور بولی وڈ فلم باکس آفس پر ہٹ
فواد خان اس وقت کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ کی شوٹنگ مکمل کر رہے ہیں جس کے بعد وہ اپنے میوزیکل دورے کے لیے امریکا روانہ ہوں گے۔
اس دوران فواد اپنی اہلیہ کے ہمراہ متعدد ایونٹس میں شرکت کرنے کے ساتھ شمالی امریکا میں موجود اپنے مداحوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
ان ایونٹس سے جمع ہونے والی کمائی کو پاکستان میں موجود خیراتی تنظیموں کو عطیہ کردیا جائے گا۔
فواد خان نے ممئی مرر سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس دورے کے بعد وہ پاکستان کے معروف گلوکار عالمگیر کی سوانح حیات پر مبنی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد خان، عالمگیر کے کردار کیلئے کاسٹ
اس فلم میں فواد عالمگیر کا کردار کرتے نظر آئیں گے جو بنگلہ دیش سے اپنے والد کے ساتھ پاکستان منتقل ہوئے تھے۔
فواد نے اس حوالے سے بتایا ’میں ڈھاکا جاچکا ہوں اور مجھے بہت مزہ آیا، لیکن فلم کراچی اور پاکستان کے دیگر حصوں میں فلمائی جائے گی اور سیٹس کی مدد سے بنگلہ دیش کی لوکیشنز کو پیش کیا جائے گا‘۔