قاہرہ: مصر کا طیارہ ہائی جیک کرنے والا شخص نے ہتھیار ڈال دیئے جس کو گرفتار کر لیا گیا۔واضح رہے کہ مصر کا طیارہ نامعلوم اغوا کار ہائی جیک کرکے قبرص لے گیا تھا جس کے حوالے بتایا گیا کہ ہائی جیکر نے خودکش جیکٹ پہنی ہوئی تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اغوا کار نے مصر ایئر کے بوئنگ 737 طیارے کو ہائی جیک کرنے کے بعد اُسے قبرص کے جنوبی ساحلی شہر لارناکا کے ایئرپورٹ پر اتار لیا۔
قبرص کی پولیس نے کہا کہ اغوا کار نے کنٹرول ٹاور سے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے رابطہ کیا، جس کے بعد طیارے کو قبرص کے ایئرپورٹ پر اتارنے کی اجازت دے دی گئی۔
— فوٹو: اے پی
— فوٹو: اے پی
مصر کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ اسکندریہ سے قاہرہ جارہا تھا، جس میں 81 مسافر اور عملے کے 5 ارکان سوار تھے، دوسری جانب فضائی کمپنی کا کہنا تھا کہ مسافروں کی تعداد 55 تھی۔
حکام کے بیان کے مطابق جہاز کے پائلٹ کا کہنا تھا کہ اسے ایک مسافر نے خودکش جیکٹ سے خوفزدہ کرکے طیارہ لارناکا ایئرپورٹ پر اتارنے پر مجبور کیا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ جہاز میں غیر ملکیوں کی مجموعی تعداد 21 تھی۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ جہاز میں سوار مسافروں میں 8 برطانوی اور 10 امریکی شہری بھی شامل تھے۔
ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ ایئرپورٹ کو فلائٹس کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا جبکہ سیکیورٹی ٹیم ایئرپورٹ پر تعینات کردی گئی۔
قبرص کے ایک حکومتی عہدیداران نے جہاز میں دھماکا خیز مواد کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔
قبرص کے حکومتی عہدیدار کے مطابق اغوا کار نے پہلے خواتین اور بچوں کو طیارہ سے اترنے کی اجازت دی ، پھر غیر ملکی اور عملے کے علاوہ تمام مسافروں کو طیارے سے اترنے کی اجازت دے دی۔
مصر کے وزیر ہوا بازی کا کہنا تھا کہ طیارے میں صرف 7 افراد یرغمال تھے۔
ہائی جیکر نے 3 مسافروں اور عملے کے 4 افراد کے سوا باقی تمام افراد کو پہلے ہی رہا کر دیا تھا، بعد ازاں ان کو بھی رہا کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ہائی جیکر نے قبرص میں سیاسی پناہ کیلئے طیارہ اغوا کیا تھا، یہ بھی بتایا گیا کہ ملزم نے ایک خط اپنی سابقہ بیوی کو دینے کی فرمائش کی تھی جو قبرص میں ہی رہتی ہے۔
یرغمالی افراد کی رہائی کے فوری بعد سیکیورٹی اداروں نے ہائی جیکر کو گرفتار کر لیا۔
قبرص کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ ہائی جیکر سیف الدین مصفطی نے تمام یرغمالی مسافروں کو آزاد کر کے طیارہ حکام کے حوالے کردیا۔
ڈراپ سین سے پہلے ہائی جیکر نے جہاز کے عملے کے ایک رکن کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی۔
اغوا کار کی شناخت اور مطالبات
قبرص کے سرکاری ریڈیو کے مطابق ہائی جیکر کی شناخت ابراہیم سماہا کے نام سے ہوئی ہے، اُس نے باقی مسافروں کی رہائی کے بدلے مترجم کی فراہمی اور سیاسی پناہ دینے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اُس کی سابقہ اہلیہ بھی قبرص میں مقیم ہے۔
مصر کی سرکاری نیوز ایجنسی ’مینا‘ کا کہنا ہے کہ اغوا کار مصری شہری ہے اور وہ جہاز کی سیٹ نمبر K-38 پر سوار تھا۔
ایئرپورٹ پر موجود عینی شاہدین نے کہا کہ ہائی جیکر نے عربی میں لکھا ایک خط جہاز سے باہر پھینکا اور مطالبہ کیا کہ یہ خط اُس کی سابقہ قبرصی اہلیہ کو دے دیا جائے۔