دنیائے انٹرنیٹ پر حکمران سرچ انجن گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اپنی سالانہ آمدنی سے سب کو چونکا کر رکھا دیا ہے۔
امریکی حکومت کے پاس جمع کرائی گئی ریگولیٹری فائلنگ سے انکشاف ہوا کہ سندر پچائی کی سالانہ تنخواہ 6 لاکھ 52 ہزار 500 ڈالرز ہے مگر 2015 میں ان کی آمدنی دس کروڑ ڈالرز رہی۔
اس کی وجہ گوگل کی جانب سے اپنے سی ای او کو 99.8 ملین ڈالرز کے اسٹاک دینا ہے (تاہم انہیں 2017 تک ہی استعمال میں لایا جاسکے گا) جبکہ دیگر مراعات کی مد میں بھی لگ بھگ 23 ہزار ڈالرز دیئے گئے۔
اس انکشاف سے قبل رواں سال فروری میں بھی گوگل نے سندر پچائی کو 199 ملین ڈالرز کے اسٹاک بطور انعام دیئے تھے۔
سندر بچائی گزشتہ سال اگست میں گوگل سرچ کے سی ای او اس وقت بنے جب اس کمپنی کو الفابیٹ کا نام دے کر سرچ انجن کو الگ حیثیت دے دی گئی۔
اس سے قبل وہ کروم اور اینڈرائیڈ کے شعبے کو سنبھال رہے تھے۔
سندر پچائی نے 2004 میں پراڈکٹ منیجمنٹ کے شعبے میں نائب صدر کی حیثیت سے گوگل میں شمولیت اختیار کی تھی ، جبکہ گوگل کروم براﺅزر اور آپریٹنگ سسٹم کی ٹیم کی سربراہی بھی کرتے رہے۔
انہیں مارچ 2013 میں اینڈرائیڈ کا بھی انجچار بنا دیا گیا تھا اور اب وہ سب سے زیادہ تنخواہ حاصل کرنے والے سی ای اوز میں سے ایک بن چکے ہیں۔