اس ایجاد کے بعد مہنگے شیشوں کی بجائے ہلکی پھلکی شفاف لکڑی سے کھڑکیاں بنانے میں مدد ملے گی۔
اسٹاک ہوم: سویڈن کے سائنسدانوں نے لکڑی سے پہلی مرتبہ شفاف شیشے جیسا مٹیریل تیار کیا ہے جو تعمیرات کی دنیا میں ایک انقلاب برپا کرسکتا ہے۔
اسٹاک ہوم میں کے ٹی ایچ رائل اسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے لکڑی سے حاصل شدہ اجزا سے شفاف مٹیریل بنایا ہے جس سے مستقبل میں مہنگے اور بھاری بھرکم شیشوں کی جگہ ہلکی پھلکی لکڑے سے بنے شیشے تیار کیے جاسکیں گے، اس طرح گھر میں زیادہ روشنی کے لیے اس مٹیریل کی دیواریں بھی بنانا ممکن ہوگا جب کہ شمسی سیل کی حامل کھڑکیاں بھی تیارکی جاسکیں گی۔
اس کے علاوہ روشنی قید کرکے اس سے بجلی بنانے کے لیے بھی استعمال کرنا ممکن ہوگا۔ اگرچہ یہ بالکل شفاف نہیں لیکن اس میں روشنی جمع کی جاسکتی ہے جب کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ شفاف لکڑی کی تیاری کا خرچ بھی بہت کم ہے اور اسے بنانا بہت آسان ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق اس پر بہت بڑے شمسی (سولر) سیل بنائے جاسکتے ہیں
اس کی تیاری کے لیے ہلکی پھلکی بالسا لکڑی سے ایک مادہ لگنن ہٹایا گیا اور اس طرح لکڑی کو شفاف بنایا گیا ہے۔ لگنن کے ہٹتے ہی لکڑی سفید ہوگی اس کے بعد اس پر نینو سطح پر مزید کام کرکے اس پر پلیکسی گلاس لگایا گیا جس سے روشنی لکڑی کے آر پار گزرنے لگی۔