وارانسی: اترپردیش میں وارانسی ضلع جیل میں آج کچھ قیدیوں اور قیدیوں کے محافظ کے درمیان ہونے والے تنازع کے بعد دونوں طرف سے جم کر مار پیٹ ہوئی، جسے قابو کرنے کے لئے پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔ذرائع نے بتایا کہ جیل کے اندرہونے والے اس پر تشدد واقعہ میں کئی افسران سمیت کئی قیدی زخمی ہو گئے ۔ ان کا علاج چل رہا ہے ۔ پولیس فائرنگ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ مار پیٹ کے واقعہ کے بعد جیل میں افرا تفری مچ گئی۔ کچھ قیدیوں نے کئی جیل حکام کو کچھ وقت کے لئے یرغمال بنا لیا تھا۔ صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سمیت کئی اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے ۔ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے بڑی تعداد میں مقامی پولیس کے علاوہ ریلوے سیکورٹی فورس (آر پی ایف) اور مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ صورتحال کنٹرول میں ہے اور واقعہ کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔