اورنگ آباد : بہار میں انتہا پسندی سے متاثر اورنگ آباد ضلع کے مدن پور تھانہ علاقے سے آج پولیس نے چھ سلنڈر بم برآمد کئے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ بابو رام نے بتایا کہ ماؤنوازوں کے خلاف چلائی جارہی تلاش مہم کے تحت پورناڈیہہ گاؤں کے نزدیک آنجن روڈ پر رکھے گئے چھ سلنڈر بم برآمد کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ غالباَ ممنوعہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤنواز) کے انتہا پسندوں نے کسی بڑے واقعہ کو انجام دینے کے مقصد سے ان بموں کو سڑک پر رکھ دیا تھا۔مسٹر رام نے بتایا کہ بم ناکارہ بنانے والے دستہ کو اس کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔ مدنپور تھانہ کے تحت آنے والا مذکورہ علاقہ ممنوعہ تنظیم کے اثر والا سمجھا جاتا ہے . انہوں نے بتایا کہ تلاش مہم اب بھی جاری ہے ۔