لکھنؤ:وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے بندیل کھنڈ میں انتودے کنبوں کو دی جارہی سماج وادی خشک سالی راحت اشیا کو اب ہر مہینے تقسیم کرنے کا اعلان کیاہے۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ ماہ اپنے مہوبہ اورچترکوٹ کے دورے کے دوران سماج وادی خشک سالی راحت اشیا تقسیم کا اغاز کیاتھا۔غریب کنبوں کو ملنے والی اہم راحت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے یہ فیصلہ کیاہے۔
ریاستی حکومت کے ترجمان نے بتایاکہ سماجو ادی خشک سالی راحت اشیا کے تحت ہر ایک انتودے کنبے کو دس کلوآٹا،۵کلوچاول،۵کلوچنے کی دال، ۲۵کلو آلو،۵لیٹرسرسوکاتیل،ایک کلو خالص دیسی گھی،اورایک کلوملک پائوڈر دیاجارہا ہے۔یہ اشیا بندیل کھنڈ کے سبھی ساتوں اضلاع کے دولاکھ ۳۰ ہزار انتودے کنبوں کو مہیاکرائی جائے گی۔ ترجمان نے بتایاکہ بندیل کھنڈ علاقے میں خشک سالی متاثرین کیلئے ریاستی حکومت نے غذائی سلامتی قانون کے تحت دوروپئے اور۳روپئے فی کلوکی شرح سے مہیاکرائے جانے والے اناج کی ادائیگی منریگا کے تحت سوکی جگہ پرروزگارایام کو بڑھاکر ۱۵۰ کرنے اورصدفیصد مستحق کنبوں کو سماج وادی پنشن دینے کا فیصلہ پہلے ہی کیاجاچکاہے۔
ترجما ن نے بتایاکہ وزیراعلیٰ نے بندیل کھنڈ علاقے میں پینے کے پانی کامسئلہ دورکرنے کیلئے ہر ممکن تدبیر کرنے ،مویشیوں کے چارے کے بندوبست ہی بندیل کھنڈ کے دیہی علاقوں میں ۲۴گھنٹے بجلی فراہمی کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہاہے کہ سبھی اضلاع کے افسران یہ یقینی بنائیں کہ کسی بھی حالت میں کسی بھی شخص کی بھکمری سے موت نہ ہونے پائے۔فاقہ کشی کے سبب کسی بھی شخص کی موت ہونے پرمتعلقہ ضلع مجسٹریٹوں کی ذاتی ذمہ داری ہوگی اوران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔