روم ای نامی سیلفی ڈرون 360 درجے پر کسی بھی زاویے کی تصویر لے سکتا ہے۔ ۔ فوٹو: آر او اے ایم ٹیکنالوجی
میلبرن: آسٹریلوی کمپنی نے سیلفی کو مزید خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کے لیے سیلفی ڈرون متعارف کروایا ہے جسے اڑنے والی سیلفی اسٹک بھی کہا جاسکتا ہے۔
آج کل ہر کوئی اچھی سیلفی بنانے کیلیے مختلف اور جدید موبائل فون اور ٹبیلٹ یا سیلفی اسٹک کا استعال کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اس سے مطمئن نہیں ہوتے، ایسے افراد کیلیے آسٹریلوی کمپنی نے ایک چھوٹا سیلفی ڈرون بنایا ہے جس سے آپ ہر طرح کے زاویے سے سیلفی لے سکتے ہیں جب کہ ڈرون آپ کے اوپر منڈلا کر زبردست تصاویر اتارسکتا ہے۔
کمپنی کے مطا بق وہ اڑنے والی سیلفی اسٹک بنانا چاہتے تھے جو ہر زاویے سے بہترین تصویر لے سکے جب کہ اس ایجاد کو روم ای کا نام دیا گیا ہے جو انسان کے ساتھ ساتھ اڑتا رہتا ہے۔
روم ای ایپ کے ذریعے کسی بھی اسمارٹ فون سے منسلک ہوسکتا ہے جب کہ یہ 25 میٹر سے بھی تصویر لے سکتا ہے اور اس کے علاوہ 360 درجے کا پینوراما بھی بناسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ اسٹک 20 منٹ تک پرواز کرسکتی ہے اور اس میں نصب پانچ میگا پکسل سی ایم او ایس سینسر اور کواڈ کور اے آر ایم اے سیون پروسیسر نصب ہے۔ سیلفی ڈرون ایک سافٹ ڈرنک کی 600 ملی میٹر بوتل جتنا ہے اور اسےباآسانی کہی بھی ساتھ لے جایا جاسکتا ہے۔