لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔لکھنؤ یونیورسٹی میں تقسیم تقریب اسناد کا انعقاد جمعرات کو ہوگا۔ پروگرام کے دوران مہمان خصوصی کے طورپر نائب صدر جمہوریہ حامدانصاری شرکت کریں گے۔ تقریب کے دوران نائب صدر جمہوریہ طلباء و طالبات کو میڈیل دیں گے۔ تقریب کے دوران ثقافتی پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں معلومات فراہم کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ترجمان این کے پانڈے نے بتایا کہ نائب صدر کی آمد پر حفاظتی بندوبست سخت کر دیئے گئے ہیں۔ تقریب کا پروگرام ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہے گا۔ نائب صدر کے ذریعہ ۳۵ ہونہار طلباء و طالبات کو میڈیل سے نوازا جائے گا۔ باقی ہونہاروں کو یونیورسٹی انتظامیہ کے ذریعہ ۱۰؍جنوری کو میڈیل دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مہمان خصوصی کے ذریعہ انہیں طلباء و طالبات کو میڈیل دیا جائے گا جن کے میڈیل کی تعداد چار یا اس سے زائد ہوگی۔ اس کے علاوہ تقریب میں مشہور سائنسداں آر اے ماشیلگر کو ڈی ایس سی کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی میں ریسرچ کا انعام حاصل کرنے والے طلباء کو ایک ہزار روپئے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔