احمد آباد:گجرات کے تاپی ضلع میں آج اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بس کے پل سے نیچے گرجانے سے 40افراد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ نیجھر سے احمد آباد آنے والی بس صبح تقریباً سات بجے تاپی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر بیارا کے نزدیک کاٹوڈ پاٹیا گاؤں کے نزدیک ایک پل سے تقریباً 20فٹ نیچے پانی سے بھرے گڈھے میں گر گئی۔حالانکہ حیرت انگریز طور پر اس حادثے میں کسی کی جان نہیں گئی۔زخمیوں میں متعدد کو معمولی چوٹیں آئیں تھیں جنہیں بیارا کے اسپتال میں مرہم پٹی کے بعد چھٹی دے دی گئی۔تاہم بس کے ڈرائیور اور ایک خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہیں جن کوسورت سول اسپتال میں داخل کرایا گیاہے ۔ایسا خیال ہے کہ یہ حادثہ بس پر سے ڈرائیور کے قابو کھونے کی وجہ سے پیش آیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ایسے ہی ایک حادثے میں گزشتہ پانچ فروری کو نوساری ضلع میں سوپا گاؤں کے نزدیک پل سے ایک دیگر بس کے گرجانے سے 44افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں آدھی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔