ممبئی:ریزرو بینک کے گورنر رگھو رام راجن نے کہا ہے کہ پنامہ کے قانونی فرم کے لیک ہوئے دستاویزوں میں شامل ہندوستانیوں کے بیرون ملک کھاتوں کے صحیح یا غلط کا پتہ لگانے کے لئے انکوائری کی جائے گی۔دنیا کی بڑی قانونی فرموں میں سے ایک پنامہ کے موزیک فونیسکا کے کل لیک ہوئے 1.15 کروڑ دستاویزات میں ہندوستان کے 500مشہورصنعت کار، سیاست داں فلم ادارکار، کرکٹر اور کچھ سرکاری لین دین کا انکشاف ہوا ہے ۔مسٹر راجن نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری ٹیم کے حصہ کے طور پر ہم اس معاملے کی جانچ کریں گے ، اہم بات یہ ہوگی کہ غیر ملکی کھاتوں میں کیا صحیح ہے اور کیا غلط۔ اس کا پتہ لگایا جائے گا۔اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد حکومت نے کل اسپیشل ملٹی ایجنسی گروپ کی تشکیل کی ہے جس میں ریزرو بینک کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ سی بی ڈی ٹی، فائنانشیل انٹلی جنس یونٹ ، فارن ٹیکس اینڈ ٹیکس ریسرچ محکمہ کی تفتیشی یونٹوں کے افسران شامل ہیں۔خیال رہے کہ موزیک فونیسکا کی لیک ہوئی خفیہ دستاویزات میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن، چین کے صدر شی زن پنگ، پاکستان کے وزیر اعظم نواز شیریف اور برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے ساتھ بالی وڈ ادکار امیتابھ بچن، ان کی بہو اور اداکار ایشوریہ رائے بچن وغیرہ کے نام شامل ہیں۔