ممبئی:03۔2002 ممبئی بم دھماکہ معاملے میں خصوصی پوٹا عدالت نے آج یہاں تین مجرمین مزمل انصاری، فرحان کھوت، ڈاکٹر عبدالواحد کو سزائے عمر قید جبکہ دیگرچار مجرمین ثاقب ناچن، عاطف ملا، حسیب ملا، اور غلام اکبر کھوٹال کو دس برس قید بامشقت کی سزا تجویز کی ہے ۔
خصوصی جج پی آر دیشمکھ نے اسی طرح اس معاملے میں قصور وار ٹھہرائے گئے دیگر تین مجرمین محمد کامل ،نور محمد اور ڈاکٹر انورعلی کو دو سال قید بامشقت کی سزائیں تجویز کی ہے ۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں جب عدالت نے اس معاملے کے 13ملزمین میں سے دس کو قصور وار ٹھہرایا تھا اور تین کو باعزت بری کیا تھا اس وقت عدالت نے کلیدی مجرم مزمل انصاری کو پھانسی کی سزا دیئے جانے کا اشارہ دیا تھا ۔خود استغاثہ نے بھی گذشتہ کل سزاؤں پر منعقدہ بحث کے دوران مزمل انصاری کے لیئے پھانسی کی سزا کا مطالبہ کیا تھا۔ پھانسی کی سزا کا اشارہ پانے اور استغاثہ کی جانب سے بھی سزائے موت طلب کیئے جانے کے خلاف مزمل انصاری نے عدالت سے رحم کی درخواست کی تھی جسے آج پوٹاعدالت نے منظور کیا اور اسے سزائے عمر قید کی سزا تجویز کی ۔