لکھنؤ:اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی پارٹیوں کی تقریباً 22فیصد دلت ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں تیز ہورہی ہیں۔کانگریس جہاں ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کے نام سے ”بھیم جیوتی یاترا ”نکال کر دلتوں کے نزدیک آنے کی کوشش کررہی ہے وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )ڈاکٹر امبیڈکر کی سالگرہ 14اپریل سے ”جن سوراج ابھیان” شروع کرنے والی ہے ۔سماجوادی پارٹی(ایس پی)کے رہنما اپنی تقریروں میں” امبیڈکر گاؤں وکاس یوجنا ”کی شروعات ملایم سنگھ یادو کے دور اقتدار میں بتانا نہیں بھولتے ۔دیگر پارٹیوں کے رہنماؤں کے ”بابا صاحب امبیڈکر”کانام لینے یا دلتوں کو اپنی سمت متوجہ کرنے کی کوشش بھر سے ہی بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی )کی صدر محترمہ مایاوتی تلملا اٹھتی ہیں۔وہ اپنے دلت ووٹ بینک کو ہر حال میں قائم رکھنا چاہتی ہیں۔کانگریس نے بھیم جیوتی یاترا کے لئے دلت رہنما اور درج فہرست ذات کے قومی صدر پی ایل پنیا کو آگے رکھا ہے ۔ذرائع کے مطابق اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے انتخابی منتظم بنے پرشانت کشور کی نظر بھی ان دلت ذاتوں پر ہے جو محترمہ مایاوتی کی کم حمایتی ہیں۔کھٹک ،قنوجیا،دھرکار سمیت کچھ ایسی دلت ذاتیں ہیں ،جو محترمہ مایاوتی کی سد فیصد حمایتی نہیں مانی جاتیں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)نے امبیڈکر کی یوم پیدائش 14اپریل سے ” گرام سوراج ابھیان ”شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ابھیان کے تحت 90ہزار گاؤں میں جاکر مرکز کی حصولیابیوں کے ساتھ ساتھ دلتوں کے لئے کئے جانے والے کاموں کو بتایا جائے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک دن پہلے ہی دلتوں اور خواتین کے لئے شروع کئے گئے منصوبے میں 10لاکھ سے ایک کروڑ روپے قرض لینے پر کئی سہولیات دینے کا اعلان کیا ہے ۔مسٹر مودی نے گزشتہ 22جنوری کولکھنؤمیں رکھی ڈاکٹر امبیڈکر کی استھیوں پر اور سنت روی داس کی یو م پیدائش پر وارانسی میں واقع ان کے مندر جاکر گلہائے عقیدت پیش کئے تھے ۔عام طورپر بی ایس پی کے ووٹ بینک خیال کئے جانے والے دلتوں کو اپنی طرف رکھنے کے لئے محترمہ مایاوتی کوئی کثر باقی نہیں رکھتیں۔حیدرآباد کے روہت ویمولہ کا معاملہ ہو یا مرکزی وزیر جنرل وی کے سنگھ کا بیان ،وہ دلتوں کے ہرمعاملے کو زور شور سے اٹھاتی ہیں۔محترمہ مایاوتی نے مسٹر مودی کے ”اسٹارٹ اپ پراجیکٹ ” کو بھی دکھاوا قرار دیا،کیونکہ اس میں دلتوں کو بآسانی قرض فراہم کرانے کا پروویژن ہے ۔