بیکانیر:راجستھان میں ضلع ہنومان گڑھ کے سنگریا تھانہ علاقے میں کل رات نامعلوم لٹیرے ایک اے ٹی ایم اکھاڑ کر لے گئے ۔پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات تقریباً ایک بجے اسٹیشن روڈ پر واقع بینک آف بڑودہ کے اے ٹی ایم کیبن میں اسکورپیو جیپ میں آئے تین لٹیروں نے کیمرے پر کالا رنگ لگا دیا۔بعد میں جیپ میں لگی لوہے کی زنجیر سے اے ٹی ایم مشین کو باندھا اور جیپ کی مدد سے اکھاڑدیا۔پھر اے ٹی ایم کو جیپ میں ڈال کر فرار ہوگئے ۔اس واردات کا پتہ اس وقت چلا جب سنگریا کے تھانہ انچارج موہر سنگھ پنیا رات تقریباًدو بجے گشتی دستے کے ساتھ جانچ کرنے نکلے تو انہوں نے اے ٹی ایم کیبن کا شیشہ ٹوٹا ہوادیکھا۔انہوں نے کیبن میں دیکھا اور اے ٹی ایم غایب دیکھ کر آس پاس ناکا بندی کروا دی ۔لیکن لٹیروں کا اب تک کوئی سراغ نہیں۔مسٹر پنیا نے بتایا کہ بینک افسروں نے جانچ کے بعد بتایاکہ اے ٹی ایم میں اس وقت تقریباً آٹھ لاکھ روپے تھے ۔
ذرائع نے بتایا کہ اس واردات کے طریقے سے اس میں ہریانہ کے پانی پت علاقے کے لٹیروں کا ہاتھ ہونے کا امکان ہے ۔یہ لٹیرے گاڑی میں خود سے چلنے والی مشین لگوالیتے ہیں جس میں لوہے کی زنجیر ہوتی ہے ۔لٹیرے اے ٹی ایم کو زنجیر سے باندھ کر گاڑی کی مدد سے اے ٹی ایم اکھاڑ لیتے ہیں۔پھر یہ مشین زنجیر سے بندھی اے ٹی ایم مشین کو گاڑی میں کھینچ لیتی ہے ۔پھر اے ٹی ایم کو دو تین افراد گاڑی میں ڈال لیتے ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں بیکانیر ضلع میں تین ،گنگا نگر ضلع میں دووارداتیں اسی طرز پر انجام دی گئی ہیں۔حالانکہ بیکانیر میں لوٹ مار کرنے والے گروہ کو پکڑنے میں پولیس نے کامیابی حاصل کرلی لیکن اس طرح کی وارداتیں ابھی بھی رک نہیں رہی ہیں۔