مظفر پور: بہار میں مظفر پور ضلع کے احیاپور تھانہ علاقے میں آج صبح سڑک حادثے میں ایک خاتون سمیت چار افراد کی موت ہو گئی اور سات دیگر مسافر زخمی ہو گئے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مظفر پور سے اخبار لے کر سیتامڑھی جا رہی جیپ نے قومی شاہراہ 77 پر جھپھا گاؤں کے قریب سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک میں ٹکر مار دی۔ حادثے میں ایک خاتون سمیت چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور سات دیگر مسافر زخمی ہو گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور نے گاڑی پر قابو کھو دیا جسکی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں میں ضلع کے اورائی تھانہ علاقے کے مشرولیا گاؤں کے محمد قمرالدین (45) اور ان کی بیوی نازو نسا (40) کے علاوہ ڈرائیور محمد فرمان (45) شامل ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے ایک اور شخص کی عمر 35 سال ہے جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کو مظفر پور کے شری کرشن میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت اب بھی تشویشناک ہے ۔