اندور: مدھیہ پردیش کے اندور میں آج صبح ایک پٹاخہ فیکٹری میں بھیانک آگ لگ گئی جس کے بعد فیکٹری سے ایک مکمل جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے ۔حادثے میں چار افراد جھلس گئے ، جن میں سے دو کی حالت نازک ہے ۔ایڈیشنل ایس پی روپیش دویدی نے بتایا کہ کارخانہ کے اندر سے پوری طرح جلی ہوئی ایک لاش برآمد ہوئی ہے ، جس کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے ۔لاش کارخانے میں کام کرنے والے مزدور کا بتایا جاتا ہے ۔
راو تھانہ علاقے میں واقع اس کارخانے میں لگی آگ کے بعد موقع پر پہنچے فائر بریگیڈ کے ایک اعلی افسر نے بتایاکہ صبح تقریباً دس بجے کنٹرول روم میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ کارخانے سے ملحق آلو ، چپس، پیاز اور بھوسے کے گودام کی وجہ سے آگ نے بھیانک شکل اختیار کرلی۔ آگ پر قابو پانے میں ڈھائی گھنٹے لگے ۔ آگ لگنے سے ہونے والے نقصان کا ابھی اندازہ نہیں ہوسکا ہے ۔ایک دیگر افسر نے بتایا کہ جائے حادثہ کے آس پاس کوئی بڑا رہائشی علاقہ نہیں ہونے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آگ میں جھلسنے سے وکرم ، رانی ، تارا سنگھ اور متھرابائی زخمی ہوگئے ہیں۔جنہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ تارا سنگھ اور متھرا بائی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ جائے حادثہ کی انکوائری کی جارہی ہے اس کے بعد ہی آگ لگنے کا سبب معلوم ہوسکے گا۔