ممبئی:شراب کے کاروباری وجے مالیہ نے اپنے خلاف کالے دھن کو سفید بنانے کے کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے سامنے پیش ہونے کے لئے مئی تک کی مہلت مانگی ہے ۔مسٹر مالیہ کے وکیلوں کی ٹیم نے ای ڈی افسران سے رابطہ کرکے ان کی ذاتی پیشی کے لئے مئی تک کا وقت مانگا۔تاہم ذرائع کے مطابق تفتیشی افسران نے ان کی درخواست ٹھکرادی ہے ۔مسٹر مالیہ پر مختلف بینکوں کے 9 ہزار کروڑ روپے قرض واپس نہ کرنے کا الزام ہے ۔ یہ تیسری مرتبہ ہے جب مسٹر مالیہ جانچ ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا ہے کہ مسٹر مالیہ کو آج ذاتی طور سے ای ڈی افسران کے سامنے حاضر ہونا تھا مگر وہ نہیں آئے ۔ وہ ملک سے باہر ہیں اور انہوں نے قرض کی ادائیگی کے سمجھوتہ کے لئے سپریم کورٹ میں ایک عرضی دے رکھی ہے ۔