نئی دہلی : دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال پر آج ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک نوجوان نے جوتا پھینکا جو ان کی جائے نشست سے پہلے ہی گر گیا۔ مسٹر کیجریوال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور دہلی کے نقل و حمل کے وزیر گوپال رائے 15 اپریل سے دارالحکومت میں طاق و جفت منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں دہلی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے جس کے آغاز پر ہی اس نوجوان نے شور مچاتے ہوئے اپنا جوتا نکال کر مسٹر کیجریوال کی طرف پھینکا۔یہ جوتا ان لیڈروں کی میز کے آگے گرا ۔ کوئی بھی اس کی زد میں نہیں آیا۔ وہاں موجود لوگوں نے اس نوجوان کو فوراً دھر دبوچا ۔ اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جوتا پھینکنے والے نوجوان نے بتایا ہے کہ وہ عام آدمی سینا سے تعلق رکھتا ہے ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ نوجوان مسٹر کیجریوال سے کس بات پرناراض تھا۔ جوتا پھینکتے ہی کچھ دیر کے لئے وہاں افرا تفری مچ گئی لیکن مسٹر کیجریوال نے فوری طور پر مسٹر رائے کو پریس کانفرنس شروع کرنے کے لئے کہا۔ اس سے پہلے چھترسال اسٹیڈیم میں ایک پروگرام کے دوران بھی عام آدمی سیناسے وابستہ ایک خاتون نے مسٹر کیجریوال پر سیاہی پھینکی تھی۔