کابل: افغانستاک کی راجدھانی کابل میں آج ایک منی بس بم دھماکہ کی زد میں آگئی جس پر وزارت تعلیم کے ملازمین سفر کررہے تھے ۔ اس دھماکے میں دو لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ سات دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ اطلاع وزارت تعلیم کے ذرائع نے دی ہے ۔ وزارت تعلیم کے اہلکاروں نے بتایا کہ سڑک کے کنارے نصب شدہ بم کے دھماکے میں ایک منی بس پوری طرح تباہ ہوگئی جس پر سرکاری ملازمین اپنے دفاتر کے لئے جارہے تھے ۔ یہ دھماکہ کابل کے مشرقی ضلع بگرامی میں پیش آیا ۔دریں اثناء، وزارت تعلیم نے ایک بیان میں کہا کہ سلامتی دستے سے کہا گیا ہے کہ اس دھماکہ کے مجرمین کو جلد از جلد انصاف کٹہرے میں لایا جائے ۔ فی الحال کسی نے بھی اس دھماکے کی ذمہ داری نہیں لی ہے ۔