نئی دہلی: قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) افسر تنزیل احمد کی بیوی فرزانہ کا آج یہاں ٹراما سینٹر میں انتقال ہوگیا، جو گزشتہ دو اپریل کی رات اترپردیش کے ضلع بجنور میں قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئی تھیں، جس میں ان کے شوہر کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی۔تنزیل احمد پر اس وقت حملہ ہوا تھا جب وہ اپنی بھتیجی کی شادی کی تقریب میں شرکت کرکے کار میں سوار ہوکر اپنی بیوی اور دونوں بچوں کے ساتھ دیر رات اپنے گھر واپس آرہے تھے ۔تنزیل احمد کے قتل کے الزام میں ان کے دو رشتے دار کو کل گرفتار کیا گیا ہے جبکہ اس قتل کیس کا کلیدی ملزم منیر اب بھی پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔فرزانہ دہلی ایڈمنسٹریشن کے اسکول میں ٹیچر تھیں اور جامعہ نگر میں واقع جوگابائی اسکول میں بطور ٹی بی ٹی ٹیچر تعینات تھیں ۔
وہ دو اپریل کی رات سے ہی نوئیڈا میں واقع فورٹیز اسپتال میں داخل تھیں جہاں ان کی حالت مسلسل خراب تھی۔ کل انہیں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیز(ایمس) کے ٹراما اسپتال منتقل کرایا گیا تھا جہاں آج صبح انہوں نے دم توڑ دیا۔