سمستی پور: بہار میں شراب پر مکمل پابندی کے مثبت نتائج سے پرجوش وزیر اعلی نتیش کمار نے ریاست کی طرز پر پورے ملک میں شراب بندی کا مطالبہ کیا ہے ۔مسٹر کمار نے آج ضلع سمستی پور کے موربا اندروارہ میں منعقدہ راجکیہ بابا کیول میلے کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ شراب بندی کے سبب بہار میں خوشی کا ماحول ہے ۔ بہار میں شراب بندی کے مثبت نتیجہ سے دیگر ریاستوں میں اب شراب پر مکمل پابندی کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے ۔ اب پورے ملک میں شراب پر پابندی لگانی پڑے گی۔ شراب کنبہ اور سماج کو توڑتی ہے اور ترقی میں رکاوٹ بنتی ہے ۔ انہوں نے شراب بندی کے مثبت پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ شراب پر پابندی سے سماجی یکجہتی میں اضافہ ہوگا اور ریاست کی ترقی تیز ہوگی۔وزیر اعلی نے شراب بندی سے غیرقانونی شراب کے کاروبار بڑھنے کے اندیشہ کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی طرح غیرقانونی شراب کی فروخت برداشت نہیں کی جائے گی۔
تاڑی کے سلسلے میں اپوزیشن پارٹیوں کے حملوں کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہاکہ تاڑی کے نام پر کچھ سیاسی پارٹیاں پاسی سماج کو گمراہ کرکے اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹی پاسی سماج کو تاڑی میں ہی الجھائے رکھنا چاہتی ہے جب کہ ان کی حکومت اس سماج کی ہمہ جہت ترقی کے لئے کوشاں ہے ۔مسٹر کمار نے کہاکہ ان کی حکومت پاسی سماج کی اقتصادی، سیاسی اور سماجی ترقی کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے نشہ سے پاک بہار کی تعمیر کیلئے متحد ہو کر عوامی تحریک چلانے کی اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ نشہ سے پاک بہار کیلئے تمام لوگوں کو ساتھ دینا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں شراب بندی کی لہر جھارکھنڈ اور اترپردیش جیسی ریاستوں میں شروع ہوگئی ہے ۔وزیر اعلی نے کہاکہ ریاست سے شراب بندی کی لہر اتنی تیز رفتار سے نکلی ہے کہ اب اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ حکومت کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ریاست میں ایک کروڑ 19 لاکھ لوگوں نے شراب نہ پینے کا حلف لیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بہار میں شراب بندی کی پورے ملک میں ستائش کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اسے مکمل طور پر کامیاب بنائے گی۔ اس موقع پر بہار اسمبلی کے اسپیکر وجے کمار چودھری، کوآپریٹیو وزیر آلوک مہتا، شہری ترقی اور رہائش کے وزیر مہیشور ہزاری سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔