نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے غریبوں کے لئے رسوئی گیس (ایل پی جی) سبسڈی رضاکارانہ طور سے چھوڑنے کے لئے ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے آج ٹوئٹر پر کہا کہ ہندوستان کی مثبت تبدیلی میں اہم کردار ادا کرنے والے ایک کروڑ شہریوں کا شکریہ۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم نے اشتہارات کے ذریعے بھی سبسڈی چھوڑنے والے شہریوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ مسٹر مودی نے کہا ہے ،”دینے کا بھی ایک اپنا مزہ ہے ۔ اس سے دلی تسکین حاصل ہوتی ہے ۔ میں آپکو یقین دلاتا ہوں جو گیس سلنڈر پر ملنے والی سبسڈی چھوڑدیں گے ، وہ ہم غریبوں تک پھنچائیں گے ۔” تیل اور قدرتی گیس کے وزیر دھرمیندر پردھان نے یہاں بتایا کہ وزیر اعظم نے 27 مارچ 2015 کو ملک کے غریب لوگوں کے مفادات میں لوگوں سے ایل پی جی سبسڈی چھوڑنے کی اپیل کی تھی۔ اس پر عمل کرتے ہوئے ایک کروڑ 13 لاکھ لوگوں نے رسوئی گیس سبسڈی چھوڑ دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی نگرانی کرنے کے لئے ایک گروپ ہے جو مسلسل اس کی نگرانی کرتا ہے ۔ سبسڈی چھوڑنے والے لوگوں میں متوسط طبقے اور دیہی پس منظر کے لوگ زیادہ ہیں۔