لکھنؤ،9جنوری (یواین آئی)مرکزی وزیر فولاد اور کانگریس کے سینئر لیڈر بینی پرساد ورما نے کہا کہ سماج وادی پارٹی اور اس کے سربراہ ملائم سنگھ یادو میں غیرت نام کی کوئی چیز نہیں رہ گئی ہے، اس لئے وہ فسادمتاثرین کی راحت رسانی کے بجائے سیفئی مہوتسو میں فن کاروں کے رقص و سرود سے محظوظ ہورہے ہیں۔وزیر موصوف نے آج نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ایک طرف بھیانک سردی کی وجہ سے مظفر نگر کے فسادمتاثرین کی جان پہ بن آئی ہے اور ان کی مشکلات میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے، دوسری طرف سیفئی میں رقص کا سماں ہے اور اکھلیش حکومت کے وزرا بیرون ملک سیروسیاحت سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالت میں سیفئی سے زیادہ براکچھ ہوہی نہیں سکتا۔مظفر نگر میں لوگ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں، غریبوں کے پاس کمبل نہیں ہیں مگر یوپی کے کابینی وزرا غیرممالک کی سیر کررہے ہیں