پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج جنتادل یونائٹیڈ کے سربراہ کا عہدہ رسمی طور پر سنبھالنے کے بعد اعلان کیا کہ وہ قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف مہا گٹھ بندھن بنانے میں اہم رول ادا کریں گے تاکہ 2019 میں مودی حکومت کی رخصتی یقینی ہوسکے ۔سری کرشن میموریل ہال میں جنتادل یو کی قومی کونسل کی میٹنگ میں پارٹی کے رخصت پذیر صدر شرد یادو نے مسٹر کمار کا نام قومی صدر کے طور پر پیش کیا جب کہ تمام اراکین نے تائید کی۔ بعد میں مسٹر کمارنے میٹنگ میں موجود پارٹی کے نمائندوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہار میں جس طرح مہاگٹھ بندھن بنا اور کامیاب رہا اسی طرح سے قومی سطح پر بی جے پی مخالف طاقتوں میں اتحاد بنا تو 2019 میں بی جے پی کی رخصتی یقینی ہے ۔مسٹر کمار نے کہا کہ بی جے پی آر ایس ایس کے نظریہ پر کام کرتی ہے ۔ اس لئے انہوں نے ”سنگھ سے آزاد بھارت ” کی بات کہی ہے ۔ وہ اس کے ذریعہ کسی عہدہ کا دعوی نہیں کررہے ہیں بلکہ ان کی کوشش بی جے پی مخالف جماعتوں کو متحد کرنے کی ہے ۔ انہیں پختہ یقین ہے کہ بی جے پی کو مہاگٹھ بندھن کے ذریعہ ہرایا جاسکتا ہے ۔ اس لئے قومی سطح پر بھی مہاگٹھ بندھن بنانے میں وہ اپنا رول ادا کریں گے ۔