نئی دہلی، 9 جنوری (یو این آئی) کانگریس کی طرف اپنے لیڈر راہل گاندھی کو جلد ہی وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار اعلان کئے جانے کی قیاس آرائیوں کے درمیان پارٹی کے جنرل سکریٹری دگ وجے سنگھ نے آج کہا کہ ان کا خیال ہے کہ پارلیمانی جمہوریت میں اس عہدے کے امیدوار کا انتخاب سے پہلے اعلان نہیں کیا جانا چاہئے ۔مسٹر سنگھ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کہتے رہے ہیں کہ پارلیمانی جمہوریت میں وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار الیکشن سے پہلے اعلان نہیں کیا جانا چاہئے ۔ اس سے اپنا لیڈر منتخب کرنے کا ممبران کا حق چھن جاتا ہے ۔کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ میڈیا میں اور قومی سطح پر وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار اعلان کئے جانے کے سلسلے میں کھل کر بحث ہونے پر کانگریس کی صدر نے یہ کہا کہ اس پر غور کیا جائے گا ۔ اس لئے اب کانگریس کی صدر اور پارٹی کو فیصلہ کرنا ہے ۔کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے دسمبر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا تھا کہ پارٹی مناسب وقت پر وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار اعلان کرے گی۔ بی جے پی نریندر مودی کو اپنا وزیر اعظم کے عہدے کا امیدوار اعلان کرچکی ہے ۔