غازی پور:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں طلبا کے گروپوں کے درمیان تشدد کے شکار ہوئے طالب علم مہتاب کی تدفین آج اس کے آبائی شہر غازی پور میں عمل میں آئی۔
سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ آج علی الصبح مہتاب کا جسد خاکی گھمر علاقے میں اس کے گاؤں باڑہ لایا گیا۔ میت کے پہنچتے ہی گاؤں میں ماتم چھا گیا۔ وزیر سیاحت اوم پرکاش سنگھ متوفی طالب علم کے گھر پہنچے اور اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ مہتاب کو آبائی قبرستان میں دفن کیا گیا۔ اس دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع تھے ۔ واضح رہے کہ ہفتہ کی رات علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طالب علموں کے دو گروپوں کے درمیان ہوئے تصادم میں دو طلبا کی موت ہو گئی تھی۔