کھمم: محکمہ موسمیات نے وارننگ دی ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ چند دنوں کے دوران شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔ تلنگانہ کے کئی مقامات کے علاوہ آندھراپردیش کے رائل سیما کے بعض مقامات اور ساحلی آندھراپردیش میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے ۔ تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر ‘ کھمم اورنظام آباد میں دن کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ دوسری طرف آندھراپردیش کے رائل سیما کے کئی مقامات پر بھی شدید گرمی برقرار ہے جہاں پر اعظم ترین درجہ حرارت 42ڈگری سے بھی زائد ریکارڈ کیا گیا ۔ آندھراپردیش کے پرکاشم ‘ گنٹور ‘ کرشنا ‘ نیلور کے بعض مقامات میں بھی شدید گرمی ہے ۔ اسی دوران تلنگانہ میں گزشتہ روز ہوئی بے موسم بارش سے فصلوں کو نقصان پہونچنے کی اطلاعات ہیں ۔ ضلع میدک کے دوباک کے راجکا پیٹ دیہات میں بارش کے ساتھ ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہونچا ۔ کٹی ہوئی فصل جو فروخت کیلئے رکھی گئی تھی کو بھی نقصان پہونچا اور فصل خراب بھی ہوگئی ۔ کسانوں نے حکومت سے مدد کی خواہش کی ہے ۔