اسلام آباد: افغانستان سے 22 روز قبل 11 خودکش حملہ آور پاکستان میں داخل ہوئے ہیں، جن میں سے 2 نے خیبر پختونخوا میں خود کش حملے کئے ۔انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پولیس ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سجنا گروپ سے ہے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں اور ان کے پاکستان میں داخل ہونے سے متعلق اطلاع انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) نے دی اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ خود کش بمبار پنجاب بالخصوص لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں حملہ کرسکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئی بی نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اسپتالوں، شاپنگ سینٹرس، بازاروں، پارکوں، فوڈ اسٹریٹس اور شاپنگ مالوں کے اندر اور اطراف میں سیکیورٹی بڑھائیں۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد حساس مقامات کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ دہشت گردانہ حملوں کو روکا جاسکے ۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کچے کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سخت نگرانی شروع کر دی ہے ۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں خفیہ اداروں اور رینجرس نے اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کا بھی آغاز کردیا ہے ۔