جے پور:راجستھان میں دال کی قیمتوں پر بے تحاشہ اضافے پر روک لگانے کیلئے اب ڈویزنل سطح پر خوردہ کاؤنٹر کھولے جائیں گے ۔خوراک اور شہری سپلائی کے سیکرٹری سبودھ اگروال نے بتایا کہ یہ فیصلہ دال مل ایسوسی ایشن کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں کیا گیا۔ اس کے تحت ریاست میں دال مل ایسوسی ایشن کی طرف سے اب 120 روپے فی کلو کی شرح سے ارہراور اڑد کی دال عام صارفین کو فراہم کرانے کے لئے ڈویزنل سطح پر خوردہ کاؤنٹر کھولے جائیں گے ۔اسسٹنٹ کمشنر بھوانی سنگھ پوار نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے اصرار پر دال مل ایسوسی ایشن رضاکارانہ طور پر خوردہ کاؤنٹر پر دوسری دالوں کے ساتھ توور (ارہر) اور اڑد دال بھی عام صارفین کو سستی شرح پر مہیا کرائے گی۔
مسٹر بھوانی سنگھ نے بتایا کہ ڈویزنل سطح پر مختلف مقامات پر لگائے جانے والے خوردہ کاونٹروں پر ارہراور اڑد دالیں 120 روپے ، مونگ چھلکا 82 روپے ، مونگ موگر 96 روپئے ، چنا دال 70 روپے اور مٹر دال 40 روپے فی کلو کی شرح سے عام عوام کے لئے دستیاب کرائی جائیں گی۔اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ فی الحال ارہر اور اڈد کی دالوں کی قیمت میں ہی زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔
خیال ہے کہ راجستھان میں ارہرکی دال کا 3000 ٹن اور اڑد کی دال کا استعمال 7000 ٹن ہے ۔ ریاست میں ارہر کی 31 فیصد اور اڑد کی 5.93 فیصد پیداوار ہے . اس طرح تمام دالوں کی مجموعی پیداوار 21.24 لاکھ ٹن ہے ۔