فرانس کی پارلیمنٹ میں لیبر قانون میں اصلاحات کے بل پربحث کے آغاز کے موقع پر لیبر یونینوں کے کارکنوں نے پارلیمنٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے –
لیبریونینوں کے کارکنوں نے پیرس میں فرانسیسی پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کرکے اس بل کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا – مظاہرین اس بل کے خلاف نعروں پرمبنی پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے اور ارکان پارلیمنٹ سے مطالبہ کررہے تھے کہ وہ حکومت کی طرف سے پیش کئے گئے اس بل کو اگر منظور کرنا چاہتے ہیں تو کچھ ترمیم کے ساتھ اس کی منظوری دیں-
مظاہرین کا کہنا ہے کہ لیبرقانون میں اصلاحات سے محنت کشوں سے زیادہ صنعتکاروں اور فیکٹری مالکان کو فائدہ ہوگا- دوسری جانب فرانسیسی وزیراعظم مانوئل والس نے کہا ہے کہ حکومت اس بل کو کسی بھی صورت میں واپس نہیں لے گی اور نہ ہی اس سلسلے میں کوئی پسپائی اختیار کرے گی – فرانس کی پارلیمنٹ، وزیرمحنت مریم الخمری کے پیش کردہ بل پر دو ہفتے کے بعد رائے شماری کرے گی۔