نئی دہلی : راجیہ سبھا میں آج تمام اپوزیشن ارکین نے ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کو بھارت رتن دینے کا پرزور مطالبہ کیا۔سماج وادی پارٹی کے چندرپال سنگھ یادو نے وقفہ صفر کے دوران یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جب گجرات کے وزیر اعلی تھے تب انہوں نے میجر دھیان چند کو بھارت رتن سے نوازے جانے کی سفارش کی تھی لیکن اب جب وہ خود مرکز میں حکومت چلا رہے ہیں تو انہیں میجر دھیان چند کو اس ایوارڈ سے نوازنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ تین تین اولمپک میں ہندوستان کو تمغہ دلانے والے اس عظیم کھلاڑی نے اس وقت کئی ممالک سے ملے آفروں کو ٹھکرا کر ملک کے لئے کھیلا۔ کھیلوں میں ان کی خدمت کو ملک فراموش نہیں کرسکتا اور اس کے پیش نظر جھانسی میں پیدا ہوئے میجر دھیان چند کو اس ایوارڈ سے نوازا جانا چاہئے ۔مسٹر یادو کے اس مطالبہ کی کانگریس، سماجوادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، ترنمول کانگریس، بیجو جنتا دل اور بایاں محاذ کے اراکین نے بھی حمایت کی۔بیجو جنتا دل کے دلیپ کمار ترکی نے کہا کہ وہ پہلے ہی ایوان میں یہ مطالبہ رکھ چکے ہیں اور وہ اب مسٹر یادو کی مانگ کی حمایت کر رہے ہیں۔