امریکہ کی آئل کمپنیوں نے دیوالیہ ہونے سے متعلق دستاویزات حکومت کو پیش کر دی ہیں۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے تک امریکہ کی گیس اور تیل کی انسٹھ کمپنیوں کا دیوالیہ ہو چکا ہے اور ان کمپنیوں نے اپنے دیوالیہ ہونے سے متعلق کاغذات تیار کر کے امریکہ کے سرکاری حکام کو پیش کر دیئے ہیں۔ ان کمپنیوں نے یہ کاغذات حکومت کی مدد و حمایت حاصل کرنے کے لئے پیش کئے ہیں۔
اس سے قبل امریکی کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے کی لہر دو ہزار دو اور تین میں اٹھی تھی جس میں امریکہ کی تقریبا اڑسٹھ کمپنیوں نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیاتھا۔ ٹیکساس اکین گمپ انسٹی ٹیوٹ کے ایک ماہر چارلز گبس کا کہنا ہے کہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں امریکہ کو تیل اور گیس کی کمپنیوں کے دیوالیہ ہونے کی بدترین صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں تیل و گیس کی پندرہ امریکی کمپنیوں نے دیوالیہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل تک امریکی بینکوں کی جانب سے ایسی کمپنیوں کے ساتھ رعایت برتی جاتی رہی ہے تاہم ان بینکوں نے اب دیوالیہ ہونے والی کمپنیوں کے سلسلے میں اپنی پالیسیاں سخت کرلی ہیں۔
تخمینوں کے مطابق گذشتہ دو برسوں کے دوران امریکہ میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اس بات کا صحیح اندازہ بھی نہیں لگ پا رہا ہے کہ یہ صورت حال کب تک بہتر ہو سکتی ہے۔