کونکلن(البرٹا) :البرٹا کے فورٹ میک مرے میں جنگل کی آگ جس کی وجہ سے 88 ہزار باشندوں کو اپنے گھربارچھوڑنے پر مجبور ہونا پڑرہے ہیں۔ یہ آگ اب دس گنا بڑھ چکی ہے ۔ یہ آفت اب جنوب میں رہنے والے لوگوں کے لئے بھی خطرہ بنتی جارہی ہے ۔اس بے قابو آگ نے فورٹ میک مرے کے بڑے علاقہ کو جلا ڈالا ہے اور احتیاطا تیل کی پیداوار بھی روکنی پڑی ہے ۔وہاں کے باشندوں کو تین روز قبل علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا تب سے اب تک فائر بریگیڈکا عملہ مکانات کو کاروباری اور دیگر عمارتوں کو آگ کے شعلوں سے بچانے کی جدوجہد میں لگاہوا ہے ۔ 160 ڈھانچے تباہ ہوچکے ہیں جن میں سیکڑوں مکان بھی شامل ہیں۔
جو لوگ کیمپوں میں رہ رہے ہیں وہ نہیں جانتے ہیں کہ کب اپنے گھروں کو لوٹ سکیں گے ۔حکام کا کہنا ہے کہ ابھی وہ چار دن میں ایسا ممکن نہیں ہوپائے گا۔ میک مرے کی آبادی کو وسیع پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور شہر وہاں قیام کے لئے محفوظ نہیں ہے ۔میک مرے سے 50 کلومیٹر جنوب میں انزاک اور گریگور میک کی آبادی کے لئے کافی خطرہ پیدا ہوگیا ہے کیونکہ آگ کے شعلے جنوب کی طرح پہنچ رہے ہیں۔شمال کی طرف کیمپوں میں منتقل کئے گئے لوگ بے حد پریشان ہیں۔آگ لگنے کا سبب نہیں معلوم، کم رطوبت ، گرمی اور تیز ہوا کی وجہ سے آگ پر قابو پانا مشکل ہورہا ہے ۔اتوار کو بھڑکی آگ 18500 ایکڑ میں تھی جو اب 21000 ایکڑ میں پھیل چکی ہے ۔