مہوبہ: اتر پردیش کے بندیل کھنڈ میں پانی کے بحران پر جاری سیاست کے درمیان مہوبہ پولیس نے کل رات ایک کسان کے خلاف پانی کی چوری کا مقدمہ درج کر کے اسے جیل بھیج دیا۔پولیس کی اس کارروائی سے یہاں ہنگامہ برپا ہوگیا ۔ کسان کی گرفتاری کے خلاف کسان اکھٹے ہوکر سڑکوں پر اترنے کی تیاری کررہے ہیں۔ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش سکسینا نے آج یہاں بتایا کہ واٹر انسٹی ٹیوٹ کے انجینئر کی شکایت پر مہوبہ شہر کوتوالی میں نیاپورا بندھان وارڈ کے رہنے والے کسان ہری لال یادو نے ارمل باندھ سے ہونے والی پانی کی فراہمی کرنے والی پائپ لائن کو توڑ کر پانی چوری کیا ہے ۔اس سلسلے میں کسان کے خلاف مقدمہ درج سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے انسدادی قانون کے علاوہ مختلف دفعات میں مقدمہ درج کرکے اسے جیل بھیج دیا گیا۔معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس لائین سڑک پر کاشی رام کالونی کے نزدیک پائپ لائین کے چیمبر والو کو نامعلوم افراد کے ذریعہ توڑ دئے جانے کی وجہ سے بڑی مقدار میں پانی برباد ہورہا تھا،ملزم ہری لال اور آس پاس کے کسان اس پانی کو اپنے کھیتوں کی سمت لے جاکر اس سے کھیتوں میں آبپاشی کر رہے تھے ۔اطلاع پاکر واٹر انسٹی ٹیوٹ کے انجینئروں نے کل شام موقع پر پہنچ کر پائپ لائین کو درست کرایا۔اسی درمیان کسان رہنما گلاب سنگھ نے کسان ہری لال پر پانی کی چوری کا الزام لگا کر جیل بھیجے جانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ کو وارننگ دی ہے کہ اگر ملزم کسان کو فوراً رہا نہیں کیا گیا تو کسان اس کی حمایت میں مظاہر کرنے پر مجبور ہوں گے ۔