پٹنہ:بہار میں کروڑوں روپئے کے چارا گھپلے سے متعلق ایک معاملے میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو، ریاست کے سابق وزیر اعلی ڈاکٹر جگن ناتھ مشرا، سابق ایم پی آر کے رانا سمیت 29 ملزمان آج مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت میں اصالتا حاضر ہوئے ۔ چارا گھپلے کے معاملے کی سماعت کر رہی سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے جج دیوراج ترپاٹھی کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے آج آر جے ڈی سربراہ مسٹر یادو سمیت تمام ملزمان عدالت میں ذاتی طور پر حاضر ہوئے تھے ۔کل 30 ملزمان میں سے صرف ایک کو چھوڑ کر باقی تمام ذاتی طور پر پیش ہوئے ۔ ایک غیر حاضر ملزم کی جانب سے بیماری کی بنیاد پر وکیل پیش ہوئے ۔ عدالت نے ملزم نول کشور کو اگلی تاریخ پر ذاتی طور پر موجود رہنے کا حکم دیتے ہوئے موجود نہ ہونے پر بانڈ منسوخ کرنے کی بھی وارننگ دی ۔
یہ معاملہ غیر منقسم بہار کے بھاگلپور سرکاری خزانے اور بانکا ذیلی خزانہ سے فرضی کاغذات کی بنیاد پر مویشی پروری کے محکمہ میں کی گئی 40 لاکھ روپیوں کی خرد برد کا ہے ۔ سی بی آئی نے معاملے کی ایف آئی آر سال 1996 میں درج کی تھی۔ معاملے میں مسٹر یادو، ڈاکٹر مشرا سمیت کئی رہنما، ارکان اسمبلی اور آئی اے ایس افسران اور مویشی پروری کے محکمہ کے ڈاکٹر اور ملازم ملزمان ہیں۔ اس درمیان عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں مسٹر یادو نے کہا کہ وہ عدالت کا پورا احترام کرتے ہیں اور انہیں عدالت سے پوری امید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر اکثر یہ الزام لگتا رہا ہے کہ میں عدالت کی سماعت میں شامل نہیں ہوتا تو میں آج حاضر ہوں۔