ممبئی: بولی وڈ کے ایکشن اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ ان کے باڈی گارڈ کی جانب سے ایک مداح کو مکا مارے جانے کا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا، ساتھ ہی انھوں نے مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما نہ ہونے کی بھی یقین دہانی کروائی ہے۔
بشکریہ ہندوستان ٹائمز—۔
بشکریہ ہندوستان ٹائمز—۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سوشل میڈیا ہر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں ممبئی ایئرپورٹ پر اکشے کے محافظ کو ان کے ایک فین کو مکا مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جو اداکار کے ساتھ سیلفی لینا چاہتا تھا۔
ہندستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اپنی آنے والی فلم ‘ہاؤس فل 3’ کے گانے کی لانچنگ تقریب کے موقع پر اکشے کا کہنا تھا، ‘اگرچہ یہ واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، لیکن کبھی کبھار کچھ مواقعوں پر محافظوں کو فنکاروں کی حفاظت کرنی پڑتی ہے، ‘کسی پر ہاتھ اٹھانا غلط ہے، میں مانتا ہوں، لیکن 2، 3 سال قبل میں کچھ لوگوں کے ساتھ مصافحہ کر رہا تھا کہ اچانک میں نے دیکھا میرے ہاتھ سے خون نکل رہا ہے۔’
اکشے کے مطابق، ‘اُس وقت مجھے احساس ہوا کہ کسی نے اپنی انگلیوں اور ناخنوں کے درمیان بلیڈ پکڑ رکھا تھا، لہذا ہاتھ ملاتے ہوئے میرے ہاتھ پر کٹ لگ گیا، اب یہ پاگل پن ہے، حماقت ہے یا ‘فین پنا’ لیکن آپ کو ان چیزوں کا بھی خیال رکھنا پڑتا ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فنکاروں کو اس طرح کی صورتحال کا بھی خیال رکھنا چاہیے، ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ محافظ اسی طرح کی صورتحال کو ہینڈل کرنے کے لیے ہوتے ہیں۔ ‘میرے محافظ نے جو کیا وہ غلط تھا، میں نے اس کی معافی بھی مانگی، لیکن کبھی کبھار آپ کو ان چیزوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے کیونکہ فنکاروں کو اندازہ نہیں ہوتا کہ وہ زخمی بھی ہوسکتے ہیں’۔
اکشے نے مزید کہا، ‘میں نے کئی مرتبہ دیکھا ہے کہ کئی فنکاراؤں کے ساتھ بھی اس طرح کی غلط چیزیں ہوئی ہیں، یہ (محافظ) ان ہی چیزوں سے حفاظت کے لیے ہوتے ہیں۔ کسی پر ہاتھ اٹھانا غلط ہے اور میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ آئندہ ایسا کچھ نہ ہو’۔
اداکار نے اس حوالے سے ایک ٹوئیٹ بھی کی تھی۔
فلم ‘ہاؤس فل 3’ میں اکشے کے ساتھ ساتھ ابھیشیک بچن، رتیش دیشمک، جیکولین فرنینڈز اور نرگس فخری بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
ساجد-فرہاد کی ہدایات میں بننے والی یہ فلم رواں برس 3 جون کو ریلیز کی جائے گی۔