ہردوئی:اترپردیش کے گورنر رام نائک نے آج کہا کہ ملک میں پھیلے پانی کے بحران پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔بلگرام بلاک میں جلیہاپورپر سبھاش چندر بوس انٹر کالج میں منعقد ہ تقریب میں مسٹر نائک نے کہا”ہمارا اصل مقصد تمام لوگوں کو پانی مہیا کرانا ہونا چاہیے . خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں لوگ پانی کے نہایت بحران کا سامنا کر رہے ہیں، ان کی پیاس بجھاناہماری اخلاقی ذمہ داری ہے . اس حساس مسئلے پر سیاست کس طرح کی جا سکتی ہے . “انہوں نے کہا کہ پانی زندگی کے لئے ضروری ہے اور حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ خشک سالی سے متاثرہ علاقے میں پانی دستیاب کرایا جائے ۔اس درمیان مسٹر نائک نے ریاست کی اکھلیش یادو حکومت میں اقلیتی امور کے وزیر محمد اعظم خان کی بیان بازی پر ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا “مسٹر خاں کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ سب جانتے ہے کہ وزیر جی کیا کہتے ہیں اور اس کے پیچھے ان کی منشا کیا ہے . “خیال رہے کہ اتر پردیش میں پانی پران دنو سیاست گرمائی ہوئی ہے ۔خشک سالی سے متاثر مہوبہ ضلع کے لیے جمعرات صبح سے ایک واٹر ٹرین جھانسی ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ہے تاہم ریاستی حکومت نے پانی لینے سے انکار کر دیا ہے ۔