دہرہ دون: اتراکھنڈ کے پریشانی میں مبتلا سابق وزیراعلی ہریش راوت کو آج اس وقت کافی راحت مل گئی جب ریاستی ہائی کورٹ نے کانگریس کے ان 9 باغی ممبران اسمبلی کی عرضی مستر کردی ہے جنہوں نے مارچ میں اسمبلی اسپیکر کی جانب سے خود کو نااہل قرار دیئے جانے کے خلاف اپیل کی تھی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ وہ نااہل ہی رہیں گے ۔دہرہ دون میں مسٹر راوت کی رہائش گاہ کے باہر خوشیاں منائی جارہی ہیں۔انہیں اسٹنگ آپریشن کے سلسلہ میں آج سی بی آئی کے سامنے پیش ہونا تھا مگر وہ نہیں آئے ۔ ریاستی اسمبلی میں کل فلور ٹیسٹ ہوگا، 70 رکنی اسمبلی میں اس وقت بی جے پی کے 28 ممبر اسمبلی ہیں وہیں کانگریس کے 27 اور بی ایس پی کے دو ارکان ہیں، کانگریس کے 9 باغی ممبران ہیں، ان کے علاوہ تین آزاد ممبران ہیں، ایک کا تعلق اتراکھنڈ کرانتی دل (پی) سے ہے ۔