رائے بریلی: اترپردیش کے رائے بریلی ضلع میں دو سال قبل پیش آئے ایک واقعہ کے سلسلہ میں اس وقت کے شہر کوتوال سمیت 14 پولس والوں کے خلاف لوٹ اور دیگر جرائم کے لئے مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا ہے کہ 18 مارچ 2014 کو شہر کوتوال علاقہ کے اہیا، رائے پور گاؤں میں ہوئے واقعہ کے بعد پولس پر سنگین الزام لگائے گئے تھے ۔ الزام تھا کہ کچھ لوگوں کو صلح کرنے کے لئے کوتوالی بلوایا گیا اور پھر ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی ۔ ان میں سے رنگ محل میں رہنے والے محمد صغیر نے اقلیتی کمیشن میں شکایت درج کراکے الزام لگایا تھا کہ صلح سمجھوتہ کے نام پر کوتوال سنجے ناتھ تیواری نے انہیں بلاکر مارا پیٹا اور پرس، موبائل اور پیسے چھین لئے تھے ۔کمیشن کی ہدیات پر پولس سپرنٹنڈنٹ نے حاضر ہوکر اپنی صفائی پیش کی تھی۔ جس پر کمیشن نے پولس کو ہدایت دی کہ ملزمان کے خلاف معاملہ درج کرکے اس کی جانچ کرائی جائے ۔ کمیشن کی ہدایت پر کوتوال لکشمی کانت مشرا نے اس وقت کے کوتوال سنجے ناتھ تیواری سمیت 14 پولس والوں کے خلاف رپورٹ درج کراکے جانچ شروع کردی ہے ۔