بنارس:صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کے 12 مئی سے شروع ہو نے والے مندر نگری بنارس کے دو روزہ دورے کے پیش نظر سلامتی کے وسیع انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کی طرف سے 12 مئی کو بنارس کے پنڈرا ا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے پیش نظر مقامی پولس پہلے سے ہی محتاط ہے ۔ کانفرنس میں بہار کے وزیر اعلی اور جے ڈی یو کے صدر نتیش کمار بھی شامل ہو رہے ہیں۔ تیرہ مئی کی صبح گنگا کے کنارے پر منعقد ہونے والے مذہبی پروگرام میں مسٹر مکھرجی کے ساتھ مسٹر نتیش کمار کے بھی شریک ہونے کا امکان ہے ۔ صدر جمہوریہ اپنے دورے کے پہلے دن بنارس ہندو یونیورسٹی ( بی ایچ یو) میں شام چھ بجے ایک پروگرام میں حصہ لیں گے ۔ ان کے بنارس کے لال بہادر شاستری ہوائی اڈے بابتپور میں شام پانچ بجے پہنچنے کا امکان ہے ۔ضلع مجسٹریٹ راجمنی یادو نے بتایا کہ صدر جمہوریہ بی ایچ یو کیمپس میں ہی لکشمن داس مہمان خانہ میں رات آرام کریں گے ۔ اگلے دن صبح چھ بجے گنگا کے گھاٹ پہنچیں گے ۔ وہاں سے وہ دشاشو میگھ گھاٹ کے قریب واقع بابا وشوناتھ مندر کے درشن کرنے جائیں گے ۔ مسٹر مکھرجی کو گنگا پوجن کے بعد پرساد کی شکل میں خشک میوے دیئے جا سکتے ہیں۔