لکھنؤ:اترپردیش اسمبلی کے انتخابات سے پہلے برسراقتدار سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے حوصلوں میں اضافہ کرنے والا ایک اہم واقعہ پیش آیا ہے ۔ سابق مرکزی وزیر بینی پرساد ورما نے کانگریس کا ہاتھ چھوڑکر آج “گھرواپسی” کر لی اور انہوں نے آج سماج وادی پارٹی کا دامن تھام لیا۔طویل عرصے تک ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے انتہائی قریب رہے آل انڈیا کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن مسٹر ورما کی تقریبا ایک دہائی بعد “گھرواپسی” کے انعقاد کو خاص بنانے کے لئے پارٹی نے اپنی آنکھیں بچھا کر ان کا خیر مقدم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
اس موقع پر یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر پر موجود مسٹر یادو کے علاوہ صوبے کے وزیر اعلی اکھلیش یادو، وزیر تعمیرات عامہ شیو پال سنگھ یادو اور شہری ترقیات کے وزیر محمد اعظم خاں نے مسٹر ورما کا پرزور استقبال کیا۔ریاست میں تقریبا ساڑھے چار فیصد ووٹروں والی کرمی برادري سے تعلق رکھنے والے مسٹر ورما 1996، 1998، 1999 اور 2004 میں چار مرتبہ سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر اور 2009 میں کانگریس کے ٹکٹ پر گونڈا سیٹ سے لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے ۔
لکھنؤ یونیورسٹی سے قانون میں گریجویٹ مسٹر ورما 1994 میں بھارتیہ کرانتی دل کے ٹکٹ پر پہلی بار اتر پردیش اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے ۔11 فروری 1941 کو بارہ بنکی کے سرولي قصبے میں پیدا ہوئے مسٹر ورما 1996 میں ایچ ڈی دیوگوڑا کابینہ میں وزیر مواصلات اور جولائی 2011 میں منموہن سنگھ حکومت میں وزیر اسٹیل رہے ۔