نئی دہلی:راجیہ سبھا نے اپنی مدت کار مکمل کرنے والے 53 اراکین کو جذبات سے بھرا الوداع کہا اور ان کے باقی زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایوان بالا کے چیئرمین ڈاکٹر حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی، ڈپٹی چیئرمین پی جے کورین، ایوان میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، جنتا دل یونائٹیڈ کے شرد یادو، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، سی پی ایم کے تپن سین، ترنمول کانگریس کے سکھدیو شیکھر رائے ، شرومنی اکالی دل کے سکھ دیو سنگھ ڈھیڈھسا سمیت تمام اہم ارکان نے رخصت ہونے والے اراکین کو دل سے مبارک باد دی اور ان کو دوبارہ راجیہ سبھا کے اراکنی منتخب ہو کر ایوان میں آنے کی خواہش ظاہر کی۔ زیادہ تر ارکان کا کہنا تھا کہ سیاست دان اپنی زندگی میں کبھی ریٹائر نہیں ہوتے بلکہ ان کے کام کاج بدل جاتے ہیں۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے عین قبل وزیر اعظم نریندر مودی بھی ایوان میں پہنچے ۔ دریں اثناء، اراکین کی الوداعی کی وجہ سے وقفہ صفر اور وقفہ سوالات اور دیگر کام کاج کو آج ملتوی کر دیا گیا تھا۔