کولمبیا میں غیرقانونی منشیات کے خلاف حکومت نے فضائی حملے کی بات کہی ہے
کولمبیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ملک میں غیر قانونی منشیات کا اب تک سب سے بڑا ذخیرہ ضبط کیا ہے۔
پولیس کے مطابق انھوں نے تقریبا آٹھ ٹن کوکین ضبط کیا ہے جو کہ شمال مغربی ساحلی شہر ٹربو میں کیلے کے کشت زار میں چھپایا گیا تھا۔
کولمبیا کے صدر جوان مینوئل سینٹوس نے ٹوئٹر پر پولیس حکام کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا: ’ٹربو میں کیے جانے والے آپریشن میں ہماری تاریخ کا سب سے بڑا ذخیرہ پکڑا گیا ہے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ منشیات مجرمانہ سرگرمیں میں ملوث گینگ کلان یوسنگا کا تھا۔
ایک بیان میں کہا گيا ہے کہ اس آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ تین دوسرے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
وزیر دفاع لوئی کارلوس ویلیگاس نے کہا کہ تقریبا ڈیڑھ ٹن منشیات کے بنڈل تیار کیے جا چکے تھے اور ’بازار میں پہنچائے جانے کے لیے تیار تھے۔
تقریبا ڈیڑھ ٹن منشیات کے بنڈل تیار کیے جاچکے تھے
انھوں نے مزید کہا کہ کولمبیا کی سرزمین پر پکڑا جانے والا اب تک کا یہ سب سے بڑا زخیرہ ہے جبکہ اس سے کچھ زیادہ سمندری حدود میں پکڑا جا چکا ہے۔
نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ کلان یوسنگا بطور خاص منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں شامل ہے لیکن ان پر تاوان، غیر قانونی کان کنی، اغوا اور قتل کے بھی الزامات ہیں۔
کولمبیا پولیس کے مطابق اس گینگ کے تقریبا دو ہزار سرگرم کارکن ہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں کولمبیا کی حکومت نے کہا تھا کہ وہ منشیات اور کان کنی کے غیرقانونی کاروبار میں شامل گروہوں کے خلاف فضائی حملے کرے گی۔
نئی حکمت عملی کے تحت تین گروہوں کلان یوسنگا، لوس پیلوسوس اور لوس پنٹلیروس کو بطور خاص نشانہ بنایا جا رہا ہے۔