بھوپال:مدھیہ پردیش کے اجین میں ہورہے سنہستھ میں جانے کے مطالبے کے سلسلے میں دو روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھی سادھوی پرگیا سنگھ ٹھاکر کچھ دیر پہلے سنہستھ کے لئے روانہ ہوگئی۔مالے گاؤں بم دھماکوں میں این آئی اے سے کلین چٹ پا چکی سادھوی پرگیا کو سنہستھ میں جانے کی اجازت عدالت سے ملنے کے بعد بھی انتظامیہ انہیں سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر وہاں جانے کی اجازت میں آنا کانی کر رہا تھا۔جس کی وجہ سے وہ خراب صحت کے باوجود دو روز سے بھوک ہڑتال پر بیٹھی تھی۔طویل مشقت کے بعد انتظامیہ نے کل رات انہیں سنہستھ لے جانے پر اتفاق ظاہر کیا،اس کے بعد آج انہیں شپرا اسنان کیلئے لے جایا گیا ہے ۔اسپتال ذرائع کے طابق سادھوی پرگیا کو تقریباً ساڑھے 11بجے اجین لے جایا گیا ہے ۔ان کے ساتھ کافی تعداد میں پولس دستہ،سکیورٹی گارڈکی سہولت سے آرستہ ایمبولنس،ڈاکٹروں کا عملہ اور دیگر ضروری سامان بھیجا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایاکہ انہیں شپرا اسنان کے بعد مہاکلیشور مندر میں درشن کرائے جائیں گے ۔انتظامیہ نے دونوں پروگرام مکمل ہونے کے بعد انہیں واپس بھوپال لانے پر اتفاق ظاہر کیا ہے ۔خراب صحت سے جوجھ رہی سادھوی پرگیا کی ریڈھ کی ہڈی میں تکلیف بتائی جاتی ہے ۔اس کے علاوہ انہیں آپریشن کی بھی ضرورت ہے ۔دوروز سے بھوک ہڑتال کی وجہ سے ان کا گلوکوز لیول کم ہونے کے ساتھ انہیں کمزوری بھی آگئی تھی۔ایسے میں زیادہ وقت تک بھوک ہڑتال ان کی صحت پر اور خراب اثرات ڈال سکتی تھی۔