چینئی:چار ریاستوں کے حالیہ انتخابی نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق مرکزی وزیر وکانگریس کے لیڈر ویرپا موئیلی نے کہا ہے کہ یہ قدیم پارٹی دوبارہ اٹھ کھڑے ہونے کی خود میں لچک رکھتی ہے ۔انہوں نے ان انتخابی شکست کے بعد پارٹی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے لئے اٹھی آوازوں کے پیش نظریہ بات کہی۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں کامیابی اور شکست ہوتی رہتی ہے ۔
بدترین حالات میں بھی ملک کی یہ قدیم پارٹی فوری طور پراٹھ کھڑی ہوئی اور انتخابات میں کامیابی حاصل کی،یہ کانگریس کی تاریخ رہی ہے ۔اس پارٹی میں دوبارہ اٹھ کھڑے ہونے کی لچک ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے پوڈیچری میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس ریاست میں بی جے پی سے دوگنی نشستیں کانگریس نے حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تین مرتبہ آسام میں کامیابی حاصل کی ہے ۔کانگریس کو آسام میں شکست ہوئی جہاں 15 سال تک کانگریس نے حکمرانی کی تھی ،تین معیادوں کے بعد عوام نے تبدیلی چاہی ۔ہم ہماری ناکامی کا اعتراف کرتے ہیں لیکن ہم کچھ وقت کے بعد دوبارہ اٹھ کھڑے ہوں گے ۔
انہوں نے سیاست میں پرینکا گاندھی کو لانے کے امکان پر کہا کہ پارٹی کی قیادت یہ فیصلہ کرے گی تاہم سونیاگاندھی اور راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس میں مضبوط قیادت ہے ۔