اجمیر: راجستھان میں اجمیر کی خفیہ پولیس نے درگاہ کے علاقے میں بغیر ویزہ کے پکڑے گئے پاکستانی شہری کو آج کارروائی کے بعد ملک چھوڑنے کی وارننگ کے ساتھ نگرانی میں دہلی بھیجا ہے .
ذرائع کے مطابق کل پاکستان کے کراچی میں رہنے والے بابر حسن (44) کو اس کے والد کے ساتھ خفیہ پولیس نے درگاہ کے نزدیک ایک ہوٹل سے پکڑا تھا. والد انور الحسن کے پاس پاسپورٹ اور ویزا دونوں تھے لیکن بیٹے کے پاس اجمیر کا ویزا نہیں تھا۔ ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا کہ ہے کہ بابر بیمار والد کو رشتہ دار سے ملانے کراچی سے نالندہ (بہار) آیا تھا لیکن والد کی خواہش پر زیارت کرنے درگاہ شریف آگیا۔ والد انور ا لحسن کے پاس اجمیر تک کا ویزا ہے . خفیہ پولیس نے ویزا شرطوں کی خلاف ورزی کے الزام میں دونوں کو پکڑ کر ویزا اور پاسپورٹ ضبط کرلئے ۔ ان کے خلاف کارروائی کے بعد انہیں دہلی کے لئے روانہ کیا گیا ہے جہاں سے کل وہ کراچی چلے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق باپ بیٹے دونوں پاکستان اور کناڈا کی دوہری شہریت رکھتے ہیں۔